وانا، جنوبی وزیرستان: ڈرون کیمرے سے بمباری، 15 شہری زخمی

جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل، علاقہ کرمزی اسٹاف میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ولی بال گراؤنڈ پر کھیل کے دوران ایک ڈرون کیمرے کے ذریعے بم گرایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، اس وقت گراؤنڈ میں مقامی نوجوان ولی بال کھیل رہے تھے کہ اچانک ڈرون کیمرے سے بم گرایا گیا، جس کے فوراً بعد شدید فائرنگ شروع ہو گئی۔

بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، واقعے میں 15 بےگناہ شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔ چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی آبادی میں اس واقعے کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ کرمزی اسٹاف اور گردونواح کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بے گناہ شہریوں پر اس طرح کے حملے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عوامی حلقوں، منتخب نمائندوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اب مزید خاموش نہ رہیں اور اس ظلم کے خلاف واضح مؤقف اختیار کریں۔

عوامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صرف مذمت کافی نہیں، ریاست کو دو ٹوک پیغام دینا ہوگا کہ اب مزید ڈرون حملے، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور مسلح کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ قبائلی عوام کو پرامن زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔