سنٹرل کرم میں مارٹر گولہ باری: ووٹ کلے میں ایک شہید، چار زخمی

سنٹرل کرم: ووٹ کلے میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک شہید، چار زخمی، علاقہ خوف و ہراس کا شکار

سنٹرل کرم (وائس آف پشتون) آج صبح تقریباً 11 بجے سنٹرل کرم کے علاقے ووٹ کلے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب ایک نامعلوم جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ مارٹر گولہ رحیم نامی شخص کے گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

واقعے میں رحیم موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ رحمان گل، ایک 45 دن کی شیر خوار بچی اور دو خواتین شدید زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مارٹر گولہ اچانک گرنے سے پورے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ حالیہ دنوں میں کئی بار ایسے حملوں کی زد میں آ چکا ہے، جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مقامی لوگوں اور عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور بے گناہ شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔