باجوڑ: مولانا خانزیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید

باجوڑ (وائس آف پشتون)خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں ایک افسوسناک واقعے میں معروف سماجی و سیاسی شخصیت مولانا خانزیب کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ واقعہ بدھ کی شام اُس وقت پیش آیا جب وہ معمول کے مطابق اپنے گھر جا رہے تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم اب تک کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

مولانا خانزیب نہ صرف ایک دینی رہنما تھے بلکہ وہ پختونخوا کے وسائل، عوامی حقوق اور امن و استحکام کے لیے آواز بلند کرنے والی ایک مؤثر آواز تھے۔ ان کی شہادت سے علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

علاقے کے عوام اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔

مولانا خانزیب کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں مختلف مکاتب فکر کے علما، سیاسی و سماجی رہنما اور عوام کی بڑی تعداد شامل تھی۔ ان کی شہادت کو پختون قوم کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔